You are currently viewing دعاء حضرت انس۔قتل و دیگر حوادث و آفات ، ظالم سے محفوظ رہنے کا مسنون عمل

دعاء حضرت انس۔قتل و دیگر حوادث و آفات ، ظالم سے محفوظ رہنے کا مسنون عمل

بِسْمِ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ لَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ بِسْمِ اللّٰہِ عَلٰی دِیْنِیْ وَنَفْسِیْ بِسْمِ اللّٰہِ عَلٰی اَھْلِیْ وَمَالِیْ بِسْمِ اللّٰہِ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ اَعْطَانِیْہِ رَبِّیْ بِسْمِ اللّٰہِ خَیْرِ الْاَسْمَاءِ بِسْمِ اللّٰہِ رَبِّ الْاَرْضِ وَالسَّمَآءِ بِسْمِ اللّٰہِ الَّذِیْ لَایَضُرُّ مَعَ اسْمِہٖ دَآءٌ بِسْمِ اللّٰہِ افْتَتَحْتُ وَعَلَی اللّٰہِ تَوَکَّلْتُ لَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ لَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ لَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ وَ اللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ الْحَلِیْمُ الْکَرِیْمُ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ الْعَلِیُّ الْعَظِیْمُ تَبَارَکَ اللّٰہُ رَبُّ السَّمٰوَاتِ السَّبْعِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ وَرَبُّ الْاَرْضِیْنَ وَمَا بَیْنَھُمَا وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ عَزَّ جَارُکَ وَجَلَّ ثَنَاؤُکَ وَلَآ اِلٰہَ غَیْرُکَ اِجْعَلْنِی فِیْ جِوَارِکَ مِنْ شَرِّ کُلِّ ذِیْ شَرٍّ وَمِنْ شَرِّ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ اِنَّ وَلِیِّ ےََ اللّٰہُ الَّذِیْ نَزَّلَ الْکِتٰبَ وَھُوَ یَتَوَلَّی الصّٰلِحِیْنَ فَاِنْ تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِیَ اللّٰہُ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ عَلَیْہِ تَوَکَّلْتُ وَھُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ

شروع اللہ کے نام سے اور سب تعریف اللہ کے لیے ہے ،محمد اللہ کے رسول ہیں، نہیں ہے قوت مگر اللہ کی امداد سے، اللہ کے نام کی برکت میرے دین اور جان پر، اللہ کے نام کی برکت میرے گھر والوں پر اور میرے مال پر۔ اللہ کے نام کی برکت ہر اس چیز پر جو میرے رب نے مجھے عطا کی ہے۔ اللہ کے نام سے جو سب ناموں سے بہتر ہے ،اللہ کے نام سے جو زمین وآسمان کارب ہے ، اللہ کے نام سے جس کے نام کے ساتھ کوئی بیماری نقصان نہیں پہنچا سکتی، اللہ کے نام کے ساتھ میں نے شروع کیا اور اللہ میں نے بھروسہ کیا، نہیں ہے قوت مگر اللہ کی امداد سے ، نہیں ہے قوت مگر اللہ کی امداد سے ، اور اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے ،اللہ سب سے بڑا ہے،اللہ کے سوا کوئی لائق عبادت نہیں، وہ حلیم وکریم ہے ، اللہ کے سوا کوئی لائق عبادت نہیں ، وہ عالیشان و بزرگ ہے ،برکت والا ہے اللہ جو ساتوں آسمانوں کا رب ہے اور عرش عظیم کا مالک ہے اور تمام زمینوں اورز مین وآسمان کے درمیان کی چیزوں کا رب ہے اور تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جو ساری کائنات کا پالنے والا ہے ،تیری پناہ لینے والاغالب ہوا اور تیری تعریف بڑی ہے اور تیرے سوا کوئی معبود نہیں، مجھ کو اپنی پناہ میں لے لے ہر شریر کے شر سےاور شیطان مردود کے شر سے ، میرا محافظ اللہ ہے جس نے کتاب نازل کی اور وہ نیک لوگوں کی حفاظت کرتا ہے پھر بھی اگر یہ لوگ منہ موڑیں تو کہہ دیجئے کہ میرے لیے اللہ کافی ہے ،اس کے سوا کوئی مستحق عبادت نہیں ،اسی پر میں نے بھروسہ کیا اور وہ عرش عظیم کا مالک ہے

ملا علی متقىؒ نے کنز العمال میں یہ واقعہ نقل کیا ہے کہ ایک دن حضرت انسؓ حجاج بن یوسف کے پاس تشریف فرما تھے کہ ایک بات پر حضرت انسؓ نے حجّاج کو صاف صاف سنا دی جس پر حجاج کا غصہ بھڑک اٹھا اور کہنے لگا کہ اگر تم رسول اﷲ کے خادم نہ ہوتے تو میں تمہاری خوب خبر لیتا۔ حضرت انسؓ نے فرمایا کہ تو میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، مَیں نے ایسے کلمات کی پناہ لی ہے کہ جن کی برکت سے مجھے کسی بادشاہ کی پکڑ کا خوف ہے نہ کسی شیطان کے شر کا اندیشہ ہے۔ اس پر حجاج کا غصہ ٹھنڈا پڑ گیا اور کہنے لگا اے ابو حمزہ( حضرت انسؓ کی کنیت ہے) وہ کلمات مجھے بھی سکھا دیجئے۔ فرمایا کہ خدا کی قسم! تم اس قابل نہیں ہو۔ پھر جب حضرت انسؓ کے وصال کا وقت آیا تو آپ نے اپنے خادمِ خاص ابّان کو یہ کلمات سکھائے(جو حضرت انسؓ نے نبی پاک سے سنے تھے) اور فرمایا کہ صبح و شام ان کو پڑھا کرو۔ (کنز العمال٢/ ٢٦٧)