خلیل ملت مفتی خلیل احمد قادری برکاتی (کتاب: ہمارا اسلام)
خصائصِ مصطفےٰ سے کیا مراد ہے؟
ہمارا ایمان ہے اور یہ ایمان قرآن و حدیث کی تعلیم پر مبنی ہے کہ اللہ عزوجل نے انبیاء ومرسلین میں بعض کو بعض پر فضیلت دی اورحضور سیدالمرسلین صلی اللہ علیہ وسلم کو ان سب انبیاء و مرسلین پر رفعت و عظمت بخشی ، قرآنِ کریم کا ارشاد گرامی ہے ورفع بعضھم درجٰتِِ oاور ان رسولوں میں بعض کو درجوں بلند فرمایا۔
ائمہ فرماتے ہیں کہ یہاں اس بعض سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم مراد ہیں اور یوں مبہم، بلانام لیے ذکر فرمانے میں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ ان کا افضل المرسلین ہونا ایسا ظاہر و مشتہر ہے کہ نام لویانہ لو، انہیں کی طرف زہن جائے گا اور کوئی دوسرا خیال میں نہ آئے گا، توخصائصِ مصطفےٰ سے مراد وہ فضائل و کمالات ہیں جن کے باعث حضور المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام انبیاء و مرسلین وملائکہ مقربین اور تمام مخلوقاتِ الٰہی پر فضیلت بخشی گئی اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو سب سے افضل و اعلیٰ و بلند بالا فرمایاگیا، وہ حضور ہی کے ساتھ خاص ہیں کسی اور کا ان میں حصہ نہیں۔