وحی کا نزول کن کن طریقوں سے ہوتا تھا ؟

(1 ) گھنٹی کی آواز کے ساتھ
(2 ) جبرائیل علیہ السلام کسی انسانی شکل میں آکر
(3 ) جبرائیل علیہ السلام اپنی اصلی صورت میں آکر
(4 ) براہ راست اور بلاواسطہ اللہ رب العزت سے ہم کلامی
(5 ) جبرائیل علیہ السلام کا کسی بھی صورت میں بغیر سامنے آئے قلب مبارک میں وحی کا القا کر دینا ۔
الاتقان فی علوم القرآن ج 1 ص 60
حضرت شاہ عبدالحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں
” علمائے کرام نے وحی کے کئی مراتب بیان کئے ہیں ۔
اول ، رویائے صالحہ ہے ۔
دوسرا مرتبہ وحی کا یہ تھا کہ جبرائیل علیہ السلام نبی کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم کے قلب شریف میں القا کرتے تھے ، بغیر اسکے کہ حضور اکرم صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم
جبریل امین علیہ السلام کو دیکھیں ۔
تیسرا مرتبہ وحی کا یہ تھا کہ جبرائیل علیہ السلام کسی آدمی کی صورت اختیار کر کے
حضور اکرم صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم کے پاس آتے اور پیغام الہی پہنچاتے تھے
تاکہ جو کچھ ارشاد باری ہے اسے یاد فرمائیں ۔
چوتھا مرتبہ وحی کا یہ ہے کہ ” صلصلتہ الجرس ” یعنی گھنٹی کی آواز سنائی دیتی تھی آور
نبی کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم کے سوا کوئی دوسرا اس کے کلمات و معانی کو نہیں سمجھ سکتا تھا ۔ حضور اکرم صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم پر اقسام وحی سب سے بڑھ کر سخت تھی ۔
وحی کا پانچواں مرتبہ یہ تھا کہ کبھی جبرائیل علیہ السلام اپنی اصلی صورت میں آتے اور وحی پہنچاتے ۔ علماء کرام فرماتے ہیں کہ ایسا دو ( 2 ) مرتبہ ہوا ۔
چھٹا مرتبہ وحی کا یہ ہے کہ حق تعالٰی نے آپ ( صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم ) پر اس اس حالت میں وحی فرمائی کہ آپ ( صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم ) عروج فوق عرش تھے نماز وغیرہ کی وحی اسی قسم کی ہے ۔
وحی کا ساتواں مرتبہ ، حق تعالٰی کا۔ حضور اکرم صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم سے بے حجاب کلام فرمانا ۔ کبھی کبھی حضور اکرم صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم حالت نوم ( نیند ) میں تشریف دیدار رب العزت سے مشرف ہوتے اور حق تعالٰی آپ ( صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم ) سے کلام فرماتے جیسا کہ حدیث میں ہے کہ ” میں نے اپنے رب کو احسن صورت میں دیکھا ”
صاحب مواہب فرماتے ہیں کہ حلیمی نے کہا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ آپ پر 46 قسموں سے وحی کی گئی ہے
( مدارج النبوۃ باب سوم ج 2 ص 54 تا 57 )

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں